اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے او آئی سی وزرائے خارجہ کے 21 ویں غیر معمولی اجلاس کے موقع پر ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد حاجی حسن سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ملائشین وزیرخارجہ سے ملاقات کے دوران فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غزہ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور مستقل جنگ بندی ناگزیر ہے تاکہ پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جولائی میں کوالالمپور میں منعقدہ اے آر ایف وزارتی اجلاس کی کامیاب میزبانی اور ملائیشین قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط، تجارت و معاشی تعلقات کے فروغ اور عوامی روابط کو بڑھا کر قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔