اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے او آئی سی وزرائے خارجہ کی 21ویں غیر معمولی نشست کے موقع پر بنگلہ دیش کے مشیرامور خارجہ محمد توحید حسین سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے پیر کوسماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کے دورے کے دوران بھی ان سے تفصیلی گفتگوہوئی تھی،
انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران فلسطین کے جائز مقصد کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ انسانی امداد تک بلا رکاوٹ رسائی، مستقل جنگ بندی اور دو ریاستی حل کے ذریعے پائیدار امن وقت کی اہم ضرورت ہے۔پاکستان۔بنگلہ دیش تعلقات میں آنے والی نئی پیشرفت کی توثیق کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کے ثمرات حاصل کرنے کی توقع ظاہر کی۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لئے قریبی اشتراکِ عمل جاری رکھیں گے تاکہ مشترکہ خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے