اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک نے آج کراچی کا دورہ کیا اور میئر کراچی، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ملاقات کی دورے کے دوران وفاقی وزیر اور میئر نے ٹی پی-III ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KWSC) کے پمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر کو جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی جن کا مقصد گندے پانی کی مؤثر صفائی اور اسے صنعتی استعمال کے لیے کارآمد بنانا ہے۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے کراچی کو درپیش ماحولیاتی مسائل خصوصاً فضلہ جاتی پانی کے انتظام اور پلاسٹک ویسٹ کی ری سائیکلنگ سے متعلق حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے اس امر پر زور دیا کہ جدید، پائیدار اور اختراعی اقدامات کے ذریعے ماحول کے تحفظ، اور سرکولر اکانومی کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے عوامِ کراچی سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت شہر کو درپیش ماحولیاتی اور انفراسٹرکچر کے چیلنجز کے حل میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی، وزارتِ بحری امور کو بھی اس عمل میں شامل کرے گی تاکہ طویل المدتی اور مربوط حل کے ذریعے کراچی کے ماحولیاتی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے.