وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، ہاسٹل 5 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کے دورے کے دوران اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ کو تیز کرنے، 126 کمروں پر مشتمل گیارہ منزلہ ہاسٹل کو پانچ ماہ میں مکمل کرنے، زیر تربیت افسران کی ایف آئی اے، فرانزک ایجنسی اور دیگر اداروں سے اٹیچمنٹ کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے اور نیشنل کمانڈ کورس مکمل کرنے والے اے ایس پیز کو ایم ایس کریمنالوجی اور پولیس اسٹڈیز کی ڈگری دینے کی منظوری سمیت متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر ہاسٹل کے کام کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ تعمیراتی رفتار کے ساتھ معیار پر بھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے،انہوں نے سوئمنگ پول کا دورہ کیا، زیر تربیت افسران کے درمیان ہونے والا سوئمنگ مقابلہ دیکھا اور پروبیشنرز و انسٹرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔

بعد ازاں وزیر داخلہ نے زیر تربیت افسران کے کلاس رومز کا دورہ کیا، ان سے ملاقات کی اور آفیسرز میس میں اے ایس پیز کے ساتھ بیٹھ کر کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا،محسن نقوی نے زیر تربیت افسران کی تجاویز بھی سنیں اور سہولیات میں بہتری کے حوالے سے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی،اس موقع پر وزیرداخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں اجلاس کی صدارت کی جس میں ادارے کی تنظیمِ نو اور گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،بریفنگ میں بتایا گیا کہ تربیتی پروگرام میں تھانوں کے باقاعدہ دورے، سیف سٹی پراجیکٹ، ایف آئی اے، سائبر کرائم اور فرانزک کے شعبوں میں اٹیچمنٹ شامل کی گئی ہے۔زیر تربیت اے ایس پیز نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں سہولتوں کی بہتری پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیف کمشنر اسلام آباد، ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔