اوورسیز پاکستانی ملک کا فخر ہیں ،سپین نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا فخر ہیں ،سپین نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے، دوہری شہریت کے معاملے پر سپین میں پیش رفت کی امید ہے، دورہ سپین کے دوران اہم حکومتی اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں وزیرِ خارجہ اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ بھی شامل تھے۔

بدھ کوبارسلونا میں پاک فیڈریشن سپین کے رہنماؤں ایاز عباسی، پرویز جانی، راجہ مختار سونی، کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید اور پیپلز پارٹی سپین نے صدر چوہدری اشتیاق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے باعث انہیں اپنا دورہ سپین مختصر کرنا پڑا، تاہم اس دوران انہوں نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں موسمیاتی تبدیلی، دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سپین نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے جس پر حکومتِ پاکستان اور عوام ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران بھی سپین نے پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔انہوں نے کہا کہ برسلز میں بھی عالمی امدادی اداروں سے ملاقاتیں ہوئیں تاکہ سیلاب متاثرین کی جلد اور مکمل بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کے بقول برطانیہ کی فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز این جی او سے بھی ملاقات ہوگی تاکہ امدادی سرگرمیوں میں مزید تعاون حاصل کیا جا سکے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ مشکل وقت میں ملک کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور اس وقت بھی ان سے امید ہے کہ وہ آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کریں گے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سنے اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے حل کے لیے ہر فورم پر آوازاٹھائیں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بیلجیئم اور سپین کے پاکستانی سفارت خانوں نے ان کے دورے میں بھرپور معاونت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے سپین کے ساتھ تعاون حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ دونوں ممالک پاکستانی طلباکے لیے اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سپین کے حکام سے پاکستانیوں کی دوہری شہریت کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے اور امید ہے کہ اس سلسلے میں مثبت پیش رفت ہوگی۔ گورنر نےکہا کہ خیبرپختونخوا کا مثبت اور نرم تاثر اجاگر کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے تحت انہوں نے گورنر کیتالونیا کو صوبے کے دورے کی دعوت دی ہے۔نئے صوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ لسانی یا خواہشات کی بنیاد پر نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر طے ہونا چاہیے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے اس بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا کہ کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں اور سوال اٹھایا کہ کیا صوبے کے پاس تباہ شدہ اضلاع اور ہائی ویز کی بحالی کے لیے وسائل اور صلاحیت موجود ہے؟۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردوں کو جواب دینا مشکل نہیں، اصل مسئلہ یہ ہے کہ وہ عوام کو ڈھال بناتے ہیں۔ بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ میں شکست کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی ابھی تک صدمے میں ہیں