اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان نے غزہ کے علاقے خان یونس میں نصر ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو سفاکانہ جرائم پر جواب دہ بنائے اور اس کی بے لگام جارحیت کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔
بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان غزہ کے علاقے خان یونس میں نصر سپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں چار صحافیوں اور ایک ریسکیو اہلکار سمیت کم از کم 21 بےگناہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایک طبی مرکز پر وحشیانہ و سفاکانہ حملہ اور عام شہریوں و صحافیوں کو مسلسل نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی و انسانی حقوق کے قوانین اور آزادی صحافت کی کھلی خلاف ورزی ہے،عالمی برادری اسرائیل کو ایسے سفاکانہ جرائم پر جواب دہ بنائے اور اس کی بے لگام جارحیت کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان نے اسرائیلی افواج کی جانب سے شام کی سرزمین پر کی جانے والی جارحیت کو بھی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان شام کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیل کو پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے سے روکا جائے۔