عازمین حج کو پاک حج موبائل ایپ2026 کے ذریعے ہر قسم کی ہدایات او ر معلومات فراہم کی جائیں گی،وزارت مذہبی امور

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تمام ایک لاکھ 18ہزار60حج 2026کے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاک حج موبائل ایپ2026 لازمی ڈائون لوڈ کریں اسی کے ذریعے انہیں آئندہ ہر قسم کی ہدایات او ر معلومات فراہم کی جائیں گی،جمعرات کووزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے” کیپیٹل نیوز پوائنٹ “سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت رواں سال ایک لاکھ 18ہزار60 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ، یہ تمام درخواست گزار حج موبائل ایپ 2026 ڈائون لوڈ کریں اسی کےذریعے انہیں حج ٹریننگ ، ویکسینیشن سمیت ہر قسم کی معلومات فراہم کی جائیں گی۔

اسی ایپ کے ذریعے وہ اپنے ڈیٹا کی وزارت سے تصحیح بھی کراسکتے ہیں اور اگران کے ذہن میں حج 2026کے حوالے سے کوئی سوال آتا ہے تو وہ وزارت سے ا س کا جواب بھی لے سکتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یکم نومبر سے حج اخراجات کی دوسری قسط کی وصولی شروع کی جائے گی، حج پیکج کے تحت کوئی بھی درخواست گزار پرائیویٹ قربانی کا آپشن استعمال نہیں کرسکتا، انہیں لازمی طور پر سعودی عرب کے متعین کردہ بنکوں کے ذریعے قربانی کرنا ہوگی جس کےلئے اس ضمن میں حج اخراجات کا جو تخمینہ انہیں دیا گیا ہے ان میں قربانی کی رقم شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکیم کے تحت حج کے خواہشمند افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ مستند حج کمپنیوں سے ہی رابطہ کریں جن کی فہرست وزارت مذہبی امورکی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اختیاری سہولیات صرف مکۃ المکرمہ کے لئے ہونگی وہ بھی دستیابی کی شرط پر فراہم کی جائیں گی، ان اخراجات کی وصولی دوسری قسط کے ساتھ ہوگی،عمرہ زائرین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ وزارت مذہبی امور کی مصدقہ کمپنیوں کے ساتھ ہی بکنگ کرائیں ، کمپنی سے طے شدہ سہولیات کا تحریری معاہدہ کریں اور انہیں ادائیگی صرف اور صرف بنکنگ چینل کے ذریعے کمپنی اکائونٹ میں ہی کریں ۔وزارت سے مصدقہ کمپنیوں کی فہرست وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی گئی ہے۔