اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر)وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت اور فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کا خواہاں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے اور ملک دنیا بھر کے لیے مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔ دوسری جانب، امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے پاکستان کے مذہبی اور ثقافتی تنوع کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور کہا کہ امریکہ تمام کمیونٹیز کے درمیان یکساں احترام اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے ٹویٹ کے مطابق، نٹالی بیکر نے وزیر مملکت کے ساتھ مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر مفید گفتگو کی اور امریکہ نے پاکستان کی مذہبی و ثقافتی دولت اور تمام کمیونٹیز کے احترام کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی قدر کی۔