کراچی (سٹاف رپورٹر )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیرِ صدارت گورنر ہائوس کراچی میں جشنِ عید میلاد النبی ۖ کی پرنور محافل کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا۔جمعہ کوگورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق روحانی فضا میں منعقدہ اس تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائمخانی سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں معروف نعت خواں قاری اسد الحق، وسیم وصی اور دیگر نے بارگاہِ رسالت ۖ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے جبکہ مفتی محمد اکمل مدنی نے سیرتِ طیبہ ۖ پر جامع اور موثر بیان پیش کیا۔گورنر سندھ نے روحانی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں 1500ویں جشنِ ولادتِ رسول ۖ منانے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ربیع الاول کی خوشبو سے مہکتی یہ محافل 30 دن تک جاری رہیں گی، جن میں ملک کے ممتاز نعت خواں اور اسکالرز کو مدعو کیا جائے گا۔ گیارہویں شب کو اویس قادری اور صدیق اسماعیل نعت خوانی کریں گے جبکہ بارہ ربیع الاول کو معروف قوال فرید ایاز اور ان کی ٹیم قوالی پیش کریں گے۔گورنر سندھ نے سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی دعائوں کی اپیل کی اور بھارت کی آبی جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بحالی میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے گورنر ہائوس کے دروازے کھلے ہیں،والدین اگر بچوں کی اسکول فیس کی ادائیگی میں پریشان ہیں تو وہ ہم سے رابطہ کریں، ان کی مدد کی جائے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں دوسروں پر تنقید کے بجائے اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔ انہوں نے عوام سے بھروسہ رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہائوس عوام کے لیے ہے اور ہم آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔