اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کمپنی، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈنے جمعہ کے روز اپنا نیا لوگو”او جی ڈی سی- دی انرجی“متعارف کروا دیا۔ یہ نئی شناخت کمپنی کی 65 سالہ شاندار تاریخ کے ساتھ ساتھ ایک ’نئے توانائی کے دور‘ کے آغاز کی عکاسی کرتی ہے۔ نیا لوگو کمپنی کے اس عزم کی علامت ہے کہ وہ ترقی، جدت اور ذمہ داری کے ساتھ پاکستان کے توانائی مستقبل کی تشکیل میں مزید فعال کردار ادا کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 65 برسوں سے کمپنی پاکستان کے توانائی کے شعبے کی قیادت کر رہی ہے اور مقامی وسائل کے ذریعے ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ کمپنی نے اپنی صلاحیتوں کو مضبوط کیا، وسعت اختیار کی اور نئے سنگ میل قائم کیے۔ او جی ڈی سی نے ایک بار پھر عہد کیا ہے کہ یہ سفر اعتماد، جدت اور ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا ، نیا لوگو کمپنی کے مستقبل کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کے تحت او جی ڈی سی ایک جدید اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ توانائی کے شعبے میں لیڈر کے طور پر ابھرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ اس بات کی نشانی ہے کہ کمپنی پاکستان کی ترقی کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ پائیداری، ٹیکنالوجی اور جدت کو اپنا کر بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
نئی شناخت کے ساتھ او جی ڈی سی توانائی کے مستقبل کی طرف بڑھ چکی ہے — ایک ایسا مستقبل جو پاکستان کو توانائی فراہم کرنے، جدت کو آگے بڑھانے اور پائیداری کو فروغ دینے کے عزم پر مبنی ہے۔ کمپنی ایک بار پھر اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ مقامی وسائل کو ذمہ داری سے بروئے کار لاتے ہوئے ٹیکنالوجی، انسانی وسائل اور شراکت داریوں میں سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔