پی ٹی اے کا اہم اقدام ڈی آئی آر بی ایس نظام کی کارکردگی مزید بہتر

اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر)ڈیوائس آئیڈینٹیفیکیشن، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کی کارکردگی اور مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل ڈیوائسز کے پرانے آئی ایم ای آئی ریکارڈز کو ہٹا دیا ہے۔ یہ اقدام نظام کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

ہفتہ کوپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس اقدام کی بدولت پی ٹی اے اور موبائل نیٹ ورک آپریٹرز (MNOs) دونوں کو ڈی آئی آر بی ایس کے آپریشنز میں بہتری اور مؤثر انتظامات میں معاونت ہو گی۔ مزید برآں اس اقدام سے صارفین کو اپنی موبائل ڈیوائسز کو بروقت رجسٹر کرنے اور ٹیکسز کی ادائیگی میں بھی سہولت ہوگی، جس سے ایک منظم اور شفاف ڈیجیٹل نظام پروان چڑھے گا۔

غیر رجسٹرڈ موبائل فون 60 دن کے لیے ہی نیٹ ورک پر استعمال ہو سکے گا۔ مقررہ وقت میں ٹیکس ادا نہ کرنے پر یہ فون دوبارہ بلاک ہو جائے گا۔واضح رہے کہ پی ٹی اے پاکستان میں ایک مضبوط، شفاف اور صارف دوست موبائل ایکو سسٹم کے حوالے سے پرعزم ہے۔