اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر )پشاور میں بدھنی نالہ میں درمنگی کے مقام پر پانی کے بہائو میں اضافہ کے باعث اونچے درجے کا سیلاب ہے، ریسکیو اور مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ منگل کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پشاور میں بدھنی نالہ میں درمنگی کے مقام پر پانی کا اخراج 16,142 کیوسک تک پہنچ گیا، جو اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
پشاور کے رہائشی علاقے ورسک روڈ، درمنگی اور ریگی لارما زیر آب آنے کا خطرہ ہے ، ریسکیو اور مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں کے رہائشی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔بجلی کے کھمبوں اور زیر آب سڑکوں سے دور رہیں، ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں ،مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں.