پنجند سے گڈو تک سیلابی ریلا، این ڈی ایم اے کی تفصیلی رپورٹ ، ہائی لرٹ جاری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) نے دریاؤں میں سیلابی صورتحال سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں دریائے چناب، ستلج اور سندھ کے سیلابی ریلوں کی پیش رفت، ممکنہ اثرات اور حفاظتی اقدامات کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں ، رپورٹ کے مطابق یکم ستمبر کو دریائے چناب میں ہیڈ تریموں سے 5 لاکھ 50 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزر چکا ہے، جو اب پنجند کی طرف بڑھ رہا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بروقت اقدامات اور مؤثر منصوبہ بندی کے باعث چناب میں 8 لاکھ 85 ہزار کیوسک کے بہاؤ کو 2 مقامات پر بند توڑ کر کنٹرول کیا گیا، جس کے بعد بہاؤ کو کم کر کے 5 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک محدود کر دیا گیا جو باآسانی ہیڈ تریموں سے گزر گیا۔

رپورٹ کے مطابق: 3 ستمبر کو پنجند کے مقام پر 5 لاکھ 70 ہزار سے 6 لاکھ کیوسک کا ریلا پہنچنے کا امکان ہے 5 ستمبر کی صبح دریائے ستلج سے مزید 80 ہزار تا 1 لاکھ کیوسک کا ریلا شامل ہوگا تینوں دریاؤں کے ریلے پنجند پر 6 لاکھ 50 ہزار سے 7 لاکھ کیوسک تک کے ممکنہ بہاؤ کا سبب بن سکتے ہیں یہ ریلا 6 ستمبر کی دوپہر تک گڈو بیراج پہنچے گا جہاں اس کا اندازہ 4 لاکھ 50 ہزار سے 5 لاکھ کیوسک تک ہے سیلابی ریلا کوٹ مٹھن کے مقام پر دریائے سندھ کے پانی سے مزید طاقتور ہوگا، اور منصوبہ بندی کے تحت تونسہ پر بہاؤ کو 2 لاکھ کیوسک تک محدود کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ یہ بڑا سیلابی ریلا گڈو ہیڈ ورکس پر 6 لاکھ 50 ہزار سے 7 لاکھ کیوسک تک پہنچے گا، اور پھر سکھر اور کوٹری بیراج سے ہوتا ہوا 12 تا 13 ستمبر کو سمندر کی طرف روانہ ہو جائے گا۔

وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہے، جبکہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے مکمل طور پر فعال ہے۔ این ڈی ایم اے کا سول اور عسکری اداروں سے قریبی رابطہ برقرار ہے این ڈی ایم اے نے متاثرہ اور ممکنہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو درج ذیل ہدایات جاری کی ہیں دریاؤں کے کناروں اور آبی گزرگاہوں پر رہائش پذیر افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں ممکنہ زیر آب علاقوں کے رہائشی انخلا کے عمل میں متعلقہ اداروں سے تعاون کریں انخلا کے بعد عارضی کیمپس سے واپسی کے لیے اداروں کی ہدایات پر عمل یقینی بنائیں غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اپنی ہنگامی کٹ (پانی، خوراک، ادویات، اہم دستاویزات) تیار رکھیں مزید رہنمائی اور تازہ معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ٹیموں سے رابطہ کریں۔