سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کی ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نوجوانوں کو کھیلوں میں شامل کرنے کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کی صحت مند سرگرمیاں ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ پاکستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لاہور قلندرز کی جانب سے خواتین کو کھیلوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے پر سراہا ۔ عاطف رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو تربیت دی گئی۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کی کھیلوں میں شمولیت اولین ترجیح ہے۔ خواتین کرکٹ پلیئرز کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 25 سے زائد شہروں میں منعقد کیا گیا۔ لاہور قلندرز کا مقصد عام آدمی کو کھیلوں اور تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے.