ملک بھر میں مون سون کا نواں سپیل جاری، سیلابی صورتحال کا خدشہ، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز

اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر )ملک بھر میں مون سون کے نویں سپیل کے تحت بارشوں کا سلسلہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک مزید جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد جنوبی علاقوں میں بھی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ناروال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور میں شدید بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ مون سون سپیل کے اثرات 6 ستمبر سے جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ تک پھیلنے کا امکان ہے، جہاں بدین، سجاول اور تھرپارکر جیسے ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے، اور راوی، چناب اور ستلج سے آنے والے سیلابی ریلے 4 سے 5 ستمبر کے دوران پنجند کے مقام پر جمع ہونے کا خدشہ ہے، جس سے وہاں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق حساس علاقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور متعلقہ پی ڈی ایم ایز (PDMA) کو پیشگی طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر تمام حکومتی ادارے، فلاحی تنظیمیں اور افواجِ پاکستان مربوط انداز میں امدادی کارروائیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ اب تک سیلاب متاثرین کو تقریباً 5 ہزار 700 ٹن امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے، جس میں خوراک، ادویات، پینے کا صاف پانی، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔

حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کسی بھی متاثرہ فرد کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی تاکہ عوام کو اس قدرتی آفت سے محفوظ رکھا جا سکے۔