بارشوں کا نیا الرٹ جاری این ڈی ایم اے کا پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں خصوصاً پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، بونیر، ایبٹ آباد اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع بشمول لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم اور نارووال میں بھی شدید بارش متوقع ہے، جس کے نتیجے میں شہری و دیہی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں گلگت، ہنزہ، اسکردو، نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ اور دیگر مقامات پر آئندہ 24 گھنٹوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔

تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے باعث کمزور درختوں کے گرنے اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کا امکان ہے۔ اس صورتحال میں مقامی آبادی، کسان، مسافر اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے مکمل طور پر فعال ہے اور سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

دریاؤں کے کناروں، نشیبی علاقوں اور واٹر ویز کے قریب رہنے والے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ زیرِ آب آنے والے ممکنہ علاقوں میں رہائش پذیر افراد انخلاء کے عمل میں مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں اور عارضی کیمپس سے واپسی کے لیے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ہنگامی کٹ (جس میں پانی، خوراک، ادویات، ٹارچ، پاور بینک وغیرہ شامل ہوں) تیار رکھیں اور اپنے اہم دستاویزات محفوظ مقام پر منتقل کر لیں۔

مزید رہنمائی اور بروقت الرٹس کے لیے “این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ” استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ شہری اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت یقینی بنا سکیں۔