پولیو جیسے مضر اور لا علاج مرض کے خاتمے کے لیے ہمیں سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال

اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے مضر اور لا علاج مرض کے خاتمے کے لیے ہمیں سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے ٹیمیں دن رات کوشا ں ہیں اور یہ عزم کر رکھا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اس بیماری سے بچائیں گے۔

وزیر صحت نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے اپنا فرض ادا کریں کیونکہ پولیو ایک ایسا مرض ہے جس کی کوئی دوا نہیں ہے اور یہ زندگی بھر کی معذوری کا باعث بنتا ہے، جو نہ صرف بچوں کے لیے بلکہ والدین کے لیے بھی انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے۔

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ محنت اور کوشش سے ہر مشکل پر قابو پایا جا سکتا ہے اور پولیو کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔