اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیرِ اعظم کے وفد کے ہمراہ وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے چین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بیجنگ میں مختلف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں میرٹائم تعاون، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور لاجسٹکس کے شعبے میں شراکت داری پر تفصیلی بات چیت کی گئی وزیر بحری امور نے دورے کے دوران چین–گوادر–افریقہ لاجسٹکس کوریڈور کی تجویز پیش کی جس کا مقصد گوادر کو ایک علاقائی لاجسٹکس حب کے طور پر فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاروں کو زمین اور بنیادی سہولیات فراہم کرے گی تاکہ صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے چینی کمپنی شینڈونگ زن شو گروپ نے پاکستان میں ایک میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں جہاز ری سائیکلنگ کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا، اور نئے جہازوں کی تیاری و لیزنگ کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کی دعوت بھی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم اور گوادر میں ڈرائی ڈاک اور فلوٹنگ ڈاک کی سہولتوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ کولڈ چین اسٹوریج اور بلک کارگو کی جدید سہولتوں میں سرمایہ کاری پر بھی بات چیت ہوئی ہےجنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان جلد ہی گوادر میں یورپی معیار کے مطابق سرٹیفائیڈ فش پروسیسنگ پلانٹ قائم کرے گا تاکہ سی فوڈ ایکسپورٹس میں اضافہ ہو سکے اور مقامی معیشت کو فروغ ملے وزیر بحری امور نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، بالخصوص گوادر، سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین مقام ہے اور حکومت میری ٹائم سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔