اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیرِاعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے افغانستان میں 31 اگست 2025 کی رات آنے والے ہولناک زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔ اس زلزلے میں تقریباً 1400 افراد جانبحق ہو گئے تھے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرین کے لیے 105 ٹن امدادی سامان 40 فٹ کنٹینرز والے 5 ٹرکوں کے ذریعے طور خم بارڈر کے راستے افغانستان پہنچایا گیا ہے۔ امدادی سامان میں راشن بیگز، خیمے، کمبل، چٹائیاں اور ادویات شامل ہیں۔
یہ سامان 3 ستمبر کو اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کے وئیر ہاؤس سے روانہ کیا گیا جبکہ 4 ستمبر کو طور خم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔ سامان حوالگی کی تقریب میں وفاقی وزیر امیر مقام پاکستان مہمان خصوصی تھے جبکہ پاکستان کے کونسل جنرل جلال آباد کونسلیٹ شفقت اللہ، افغانستان کے کونسل جنرل پشاور کونسلیٹ حافظ محب اللہ شاکر، این ڈی ایم اے کے افسران، افغان حکومت کے نمائندگان اور پاکستان میں افغانستان ایمبیسی کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
افغان ایمبیسی نے بروقت امدادی سامان کی ترسیل پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔