ریل رابطوں کے فروغ سے پاکستان خطے کا ٹرانزٹ حب بن سکتا ہے، محمد حنیف عباسی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نورلان سورانبایٔی کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی، جس میں وسطی ایشیا تک ریل کے ذریعے رسائی کے امکانات اور علاقائی کنیکٹیویٹی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مختلف ریلوے روٹس اور خطے میں تجارتی راہداریوں کو فعال بنانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی تاکہ پاکستان ریلوے اور ملکی معیشت کو وسیع تر فوائد حاصل ہوں۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ علاقائی روابط سے نہ صرف پاکستان ریلوے کو تقویت ملے گی بلکہ یہ ملک کو خطے کا اہم ٹرانزٹ ہب بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے قازقستان کے ڈپٹی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ دونوں ممالک تجارتی راہداریوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان ریلوے تعاون کے نئے امکانات کھل رہے ہیں، جس سے وسطی ایشیائی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی آسان رسائی ممکن ہو گی۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ علاقائی رابطوں کے فروغ سے تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں نئی راہیں کھلیں گی جو خطے کے پائیدار ترقی اور خوشحالی کا باعث بنیں گی۔