این ڈی ایم اے نے سندھ اور بلوچستان میں ممکنہ بارشوں کے باعث سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے سندھ اور بلوچستان میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔سندھ کے مختلف اضلاع جیسے کراچی، حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، دادو، جیکب آباد اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے باعث نشیبی اور شہری علاقے زیر آب آ سکتے ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

علاوہ ازیں، سکھر، روہڑی، لاڑکانہ، شکارپور، گھوٹکی اور کشمور میں بھی وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ کیرتھر رینج میں برساتی ندی نالوں کے باعث سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے بلوچستان کے جنوبی و مشرقی اضلاع میں بھی اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کی توقع ہے، جن میں لسبیلہ، حب، خضدار، اواران، بارکھان، سوئی، سبی، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، کوہلو، قلات اور ژوب شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کیچ، گوادر، پسنی، اورماڑہ، سوراب اور جنوبی واشک میں بھی بارش متوقع ہے ممکنہ شدید بارشوں کے باعث وڈھ، خضدار، بیلا، اورماڑہ اور ہنگول ویلی کے علاقوں میں برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ بارشوں کی وجہ سے کچے مکانات، زرعی زمینیں اور ابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور تعمیرات اور درختوں سے محفوظ رہیں، گاڑیاں محفوظ مقامات پر پارک کریں اور پانی میں ڈوبی ہوئی سڑکوں اور انڈر پاسز کو کراس کرنے سے اجتناب کریں۔مزید کہا گیا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں میں خاص احتیاط برتی جائے اور ہنگامی صورت حال سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔