اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک کی زیر صدارت وزیرِاعظم کی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر (AJK) میں حالیہ سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات اور ان کے ازالے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان سمیت متعلقہ محکموں اور اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی کمیٹی کو آزاد جموں و کشمیر میں سیلاب سے ہونے والے ابتدائی زمینی تخمینے اور مرمتی کاموں کی متوقع لاگت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کمیٹی کو بتایا کہ ایک قومی سطح کا جامع سروے اور آڈٹ کیا جائے گا، تاکہ کل نقصانات اور ان سے منسلک اخراجات کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے تجویز دی کہ نقصانات کے تخمینے کے لیے ایک تثلیثی طریقۂ کار (Triangulated Assessment) اختیار کیا جائے، جس میں حکومتِ آزاد جموں و کشمیر، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA AJK) اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ مقامی لاگت کے مطابق انفراسٹرکچر کی مرمت کے لیے زیادہ درست اعداد و شمار حاصل کرنے کی غرض سے تکنیکی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ مربوط حکمتِ عملی فیصلہ سازی کو مؤثر بنانے، شفافیت یقینی بنانے اور وسائل کے درست تعین میں مددگار ثابت ہوگی وزیرِاعظم کی کمیٹی آئندہ چند دنوں میں دوبارہ اجلاس منعقد کرے گی، جس میں حتمی رپورٹ اور سفارشات کو حتمی شکل دے کر وزیرِاعظم کو پیش کیا جائے گا تاکہ ضروری اقدامات اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے.