وزیر اعلی بلوچستان کااکالزئی یارو میں کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اکالزئی یارو میں کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ سی ٹی ڈی نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ بلوچستان میں امن قائم رکھنے کے لئے سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں اور خدمات قابل تحسین ہیں۔اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ سی ٹی ڈی نے بروقت اور مثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اکالزئی یارو میں ہلاک دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، جن کے خاتمے سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن قائم رکھنے کے لئے سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں اور خدمات قابل تحسین ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بلوچستان کے عوام دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے میں سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہر کونے میں دیرپا امن کے قیام کے لئے اقدامات جاری رہیں گے اور کسی دہشت گرد یا سہولت کار کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بحالی امن کے لئے عوامی تعاون سب سے بڑی قوت ہے اور حکومت اس عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے کہ بلوچستان کو پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بنایا جائے۔ وزیر اعلی نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ صوبے کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔