اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے نان-فارمل ایجوکیشن (این ایف ای) سکولوں کی بہتری کے لیے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ان بچوں، نوجوانوں اور بڑوں کو تعلیم دینا ہے جو کسی وجہ سے رسمی تعلیم سے محروم رہ گئے تھے۔
پاکستان بھر میں 1,300 سے زائد این ایف ای سکول ایسے افراد کو پڑھنے، لکھنے اور آگے بڑھنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں تاہم ان سکولوں کو بنیادی تعلیمی وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سکولوں کی بہتری کے لیے دل کھول کر مدد کریں۔ دو اقسام کی مالی امداد کی تجاویز دی گئی ہیں:50 ہزار روپے کا سٹارٹر پیک جس میں سٹیشنری، کتابیں اور وائٹ بورڈ شامل ہیں، 250,000 روپے میں سکول کو گود لیں: اس پیکج میں یونیفارمز، جوتے، چھوٹی لائبریری، واٹر کولر اور دیگر ضروریات شامل ہیں۔
وزارت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہر عطیہ براہ راست طلبہ اور اساتذہ کو فائدہ پہنچائے گا اور عطیہ دہندگان کو تصاویر، تفصیلات اور اپ ڈیٹس کے ذریعے مکمل آگاہی دی جائے گی۔ دلچسپی رکھنے والے افراد وزارت کی ویب سائٹ mofept.gov.pk/supportnfeschool پر جا کر مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں یا فون نمبر +92 333 5177343 پر رابطہ کریں۔ تعلیم کے اس نیک مشن میں شامل ہو کر ایک بہتر مستقبل کی بنیاد رکھیں۔