سیلاب متاثرین کی بحالی میں سندھ حکومت کے تاریخی اقدامات .سحر کامران

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سحر کامران نے کہا ہے کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد سندھ حکومت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے تاریخی اور عملی اقدامات کیے گئے، جن کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی ، اپنے بیان میں سحر کامران نے کہا کہ سیلاب کے بعد نہ صرف فوری ریلیف اور ری ہیبلیٹیشن فراہم کی گئی، بلکہ مستقبل کو مدِنظر رکھتے ہوئے 2.1 ملین کلائمیٹ ریزیسٹنٹ گھروں کی تعمیر کا ایک بڑا اور دور رس منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا: “ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ چھے چھے فٹ پانی میں فصلیں اور گھر ڈوب گئے، لیکن سندھ حکومت نے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا۔ انہیں دوبارہ جینے کا موقع دیا گیا، اور نئی فصلیں اگانے کے لیے سہولیات مہیا کی گئیں سحر کامران نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات صرف وقتی ریلیف نہیں بلکہ ایک طویل المدتی پالیسی کا حصہ ہیں، جن کا مقصد آئندہ آنے والی قدرتی آفات کے دوران عوام کی تحفظ، تیاری اور استحکام کو یقینی بنانا ہے انہوں نے کہا کہ: “یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ حقائق کو تسلیم کرنے کا ہے۔ پارلیمنٹ اور اس کی کمیٹیوں میں بیٹھ کر ہم نے وہ فیصلے کیے جو عوام کے لیے سہارا بنے۔ جو جماعتیں پارلیمنٹ سے باہر رہنے کو ترجیح دیتی ہیں، یہ ان کی سیاسی حکمت عملی ہو سکتی ہے، مگر عوامی خدمت کے لیے اداروں کے اندر رہ کر کام کرنا زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔”

سحر کامران نے پیپلز پارٹی کے کردار کو عوامی مفاد میں پالیسی سازی اور بحرانوں سے نمٹنے کی ایک کامیاب مثال قرار دیا۔