اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خبردار کیا کہ ملک کے امن اور خودمختاری کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی اندرونی یا غیر ملکی کوشش سے سختی سے نمٹا جائے گا، پی ٹی آئی کا غیر ملکی طاقتوں سے الحاق اس کی شکست کا باعث بنے گا۔اتوار کو اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں خواجہ محمد آصف نے بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو کنٹرول کرنے والوں کی شناخت اور غیر ملکی سازشوں سے جڑے تعلق کو بے نقاب کیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ کوششیں بالآخر ناکام ہوں گی کیونکہ پاکستان کی مسلح افواج تمام محاذوں پر فیصلہ کن فتوحات حاصل کر رہی ہیں ، خواجہ محمد آصف نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے فوج کے غیرمتزلزل عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی اور اندرونی دونوں طرح کی مشکلات کے باوجود مسلح افواج قومی استحکام میں خلل ڈالنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے میں ثابت قدم ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بنوں کو دہشت گردی کا گڑھ قرار دیا اور پی ٹی آئی کی جانب سے اس کی مذمت یا مسلح افواج کے شہداء کو عزت دینے میں ناکامی پر بھی تنقید کی۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے تربیتی کیمپ جاری ہیں ، پاکستان افغان حکام سے اپنی پوزیشن واضح کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان اصرار کرتا ہے کہ ا س نے دہشت گردوں کو اپنے ملک میں پناہ نہیں دی ہے تو اسے ٹھوس ثبوت فراہم کرنے چاہییں ، خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کے پیچھے بھارت اور افغانستان سمیت بیرونی عناصر ملوث ہیں اور پی ٹی آئی مبینہ طور پر ان کوششوں میں مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے پختہ اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نا پاک رزائم ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا سے پاکستان کا استحکام ناقابل تسخیر ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی، بھارت اور افغانستان پر مشتمل ایک “مثلث” بن کر سامنے آئی ہے اور اسے پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔