اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے 11ویں سپیل کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے 16 سے 19 ستمبر کے درمیان دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔اتوار کو پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔وزیراعلیٰ کی ہدایات پر پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ صحت، آبپاشی، کمیونیکیشن اینڈ ورکس، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ندیوں کے قریب اجتماعات اور تفریح سے گریز کریں اور طوفان کے دوران گھروں کے اندر ہی رہیں۔ایمرجنسی کی صورت میں لوگ پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔