مسافر خواتین اور خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کی سہولت کے لیے ریلوے کے انقلابی اقدامات

اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر )وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت وزارتِ ریلوے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مسافروں کی سہولت اور تحفظ کے حوالے سے تاریخی فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں خاص طور پر خواتین اور خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے سہولیات بڑھانے پر زور دیا گیا۔

وزیر ریلوے نے اعلان کیا کہ ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں میں جینڈر ریسپانسیو پروٹوکولز اپنائے جائیں گے تاکہ خواتین مسافروں کو ایک محفوظ، باوقار اور پُرسکون ماحول فراہم کیا جا سکے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کے، اس مقصد کے لیے ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں میں آگاہی پوسٹرز آویزاں کیے جائیں گے۔ اسٹیشنز پر باقاعدہ اعلانات اور آگاہی پیغامات نشر ہوں گے
ساتھ ہی ریلوے عملے کو جینڈر سینسٹائزیشن اور خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اسکے ساتھ ساتھ، خواتین مسافروں کی حفاظت اور آگاہی کے لیے ایک جامع مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آئندہ ریفربش ہونے والی ٹرینوں میں خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے نشستیں مختص کی جائیں گی جبکہ بڑے ریلوے اسٹیشنز پر ان کے لیے وہیل چیئرز کا خصوصی انتظام کیا جائے گا تاکہ وہ بآسانی اور عزت کے ساتھ سفر کر سکیں۔

اس موقع پر وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا:
“پاکستان ریلوے اپنے تمام مسافروں کو قیمتی اثاثہ سمجھتا ہے۔ ہم خواتین اور خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے سہولت اور تحفظ کے ایسے اقدامات کر رہے ہیں جو ریلوے کو مزید عوام دوست اور جدید بنائیں گے۔