اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان میں سویڈن کی سفیر، محترمہ الیگزینڈرا برگ وان لنڈے نے آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات کی ملاقات میں پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جنہوں نے انسانی جانوں، روزگار اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے زور دیا کہ کمزور طبقات کو بڑھتے ہوئے موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے فوری کلائمیٹ فنانس، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور لچک پیدا کرنے کے اقدامات ناگزیر ہیں دونوں فریقین نے پاکستان اور سویڈن کے درمیان موسمیاتی عمل، پائیدار ترقی اور سبز جدت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر غور کیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کی قیادت میں گرین اسٹارٹ اپس کو فروغ دینے اور گرین یونیورسٹی کے قیام پر بھی زور دیا گیا، تاکہ یہ ادارہ خطے میں موسمیاتی تعلیم، تحقیق اور اختراع کا مرکز بن سکے۔
ملاقات کے دوران تعلیمی اور تحقیقی تعاون کے مواقع، بشمول طلبہ اور فیکلٹی کے تبادلے کے پروگرامز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ پائیدار رہائشی منصوبوں کے مسائل پر بھی بات چیت کی گئی محترمہ الیگزینڈرا برگ وان لنڈے نے ڈاکٹر مصدق ملک کو آئندہ COP-30 میں برازیل میں قائم سویڈش پویلین کے دورے کی دعوت دی۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی موسمیاتی سفارتکاری میں مسلسل رابطہ رکھا جائے گا اور مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ ایک پائیدار اور لچکدار مستقبل یقینی بنایا جا سکے.