اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے بدھ کو چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خاص طور نظام زکوٰۃ اور نظام صلوٰۃ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نے نظام زکوٰۃ پر کونسل کی طرف سے معاونت مانگی اور چیئرمین ڈاکٹر راغب نعیمی نے اس ضمن میں ہر طرح کے علمی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے گفتگو کے دوران کہا کہ اس معاملہ پر مذہبی امور اور اسلامی نظریاتی کونسل کے محققین پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی سے متعلق بھی امور قابل غور ہیں اور اس کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نےرویت ہلال کمیٹی کے حوالے سے قومی اسمبلی سے قانون سازی کو انتہائی ضروری قرار دیا اور اس کے دائرہ کار کو ڈویژنل سطح تک بڑھانے کے بارے میں رائے دی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے اسلامی نظریاتی کونسل کے کارہائے منصبی کو سراہا، نیز انھیں سابقہ اجلاسوں کے ایجنڈا پر بریفنگ دی گئی۔