اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو بانی پی ٹی آئی سے تعلقات خراب ہونے کی بناء پر ہٹایا جارہا ہے ، بانی پی ٹی آئی ہمیشہ لوگوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرکے پھینک دیتے ہیں، یہی علی امین گنڈا پور کے ساتھ بھی ہو رہا ہے۔
بدھ کو ذرائع ابلاغ کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر تمام ارکان کو خراج تحسین پیش کیا ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہٹانے سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں ہے اور نہ یہ معاملہ زیر بحث ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہے۔