ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر وزیر ریلوے کا خراجِ تحسین.وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنی بہادر فورسز اور جوانوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے بھارت کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم “فتنہ الخوارج” کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ فخر اور لائقِ تحسین ہے۔ وزیر ریلوے نے میجر سبطین حیدر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں قوم کا ہیرو قرار دیا اور کہا کہ ان کی عظیم قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں، اور ان کے عزم و حوصلے کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے جوان خطرات کے باوجود پرعزم ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا عزم اور قربانیاں پاکستان کے پرامن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں، اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔