رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم العیسی کا اہم سرکاری دورے پر پاکستان آمد، وفاقی وزیر مذہبی امور نے پرتپاک استقبال کیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم العیسی اہم سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ان کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے معزز مہمان کا استقبال کیا، جب کہ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمن اور دیگر اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں ، ڈاکٹر عبدالکریم العیسی پاکستان کے 6 روزہ دورے کے دوران اعلیٰ حکومتی و مذہبی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں بین المذاہب ہم آہنگی، اسلاموفوبیا کے خلاف اقدامات، اور مسلم امہ کے اتحاد پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

استقبالیہ تقریب میں سینیٹر حافظ عبدالکریم، سینیٹر طلحہ محمود، چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور رابطہ عالم اسلامی کے کنٹری ہیڈ سعد مسعود الحارثی بھی شریک تھے ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مذہبی و فکری روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔