اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے مختلف سرکاری اداروں میں ہونے والی کروڑوں کی ہونے والی کرپشن میں مجموعی طور پر 421 انکوائریوں میں سے 272 مکمل کرکے 167 مقدمات درج جبکہ 150مقدمات کے اندراج کی حتمی منظوری کیلئے اعلیٰ حکام کو دستاویزات بجھوا دیں۔اوصاف کو ذرائع نے بتایا کہ اس وقت مجموعی طور پر 150انکوائریاں التواء کا شکار بھی ہیں۔ذرائع کے مطابق 2024-25 میں 231ملزمان گرفتار کئے29کروڑ روپے برآمد کئے گئے‘ ایف آئی اے کے مال خانے میں 15کروڑ روپے مالیت کی ہونے والی چوری میں ملزمان کو گرفتار کرکے ریکوری کی گئی۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران سی ڈی اے‘ ہائوسنگ فائونڈیشن ‘ پی ایچ ایف جعلی نرسنگ کالجز‘ جعلی ادویات‘ کسٹم سمیت متعدد سرکاری اداروں میں ہونے والی کرپشن پر مجموعی طور پر 421 انکوائریاں شروع کیں۔
جن میں سے 272 کو فائنل کیا اور 167 مقدمات درج ہوئے جبکہ سال 2025 میں 283 انکوائریاں رجسٹرڈ کیں 387 کو مکمل کیا گیا جبکہ 70مقدمات درج کئے گئے 60 مقدمات کے چالان 31اگست تک مکمل کرکے عدالت پیش کئے گئے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے ایف آئی اے کے مالخانہ میں مبینہ ملی بھگت سے ملازمین کے ہمراہ مل کر پندرہ کروڑ روپے مالیت کی کیش سمیت دیگر سامان چوری ہونے پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی تھیں۔
راولپنڈی پولیس نے تھانہ روات میں ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج کیا جو چوری میں ملوث تھا جبکہ ایف آئی اے نے خود بھی مقدمہ درج کرکے ملزمان سے پندرہ کروڑ کی ریکوری کی تھی۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے 2024 میں 180ملزمان گرفتار کئے جبکہ اگست 2025تک 51ملزمان گرفتار کئے۔ یاد رہے کہ اس وقت بھی مجموعی طور پر ایف آئی اے نے 150انکوائریاں التواء کا شکار ہیں۔ ایف آئی اے کے بورڈ منظوری کے بعد مقدمات درج کئے جائیں گے۔