پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ میں صرف پانچ دن باقی: وزارت مذہبی امور کا اعلان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم 2026 کے تحت عازمین حج کی بکنگ 17 اکتوبر رات 12 بجے بند کر دی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق اب تک 44 ہزار عازمین کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ اسکیم کے تحت 60 ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے ترجمان کا کہنا تھا کہ منظور شدہ حج پالیسی کے مطابق پرائیویٹ عازمین کی بکنگ کا عمل 17 اکتوبر تک ہر صورت مکمل کرنا ضروری ہے۔ پرائیویٹ حج پر جانے کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزارت کی منظور شدہ حج کمپنیوں سے مقررہ وقت کے اندر اپنی بکنگ مکمل کروائیں۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ رقوم کی ادائیگی صرف بینکنگ چینل کے ذریعے کی جائے اور حج معاہدے کی کاپی لازمی طور پر طلب کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے فراڈ سے بچا جا سکے مزید برآں، ترجمان نے کہا کہ بکنگ مکمل کرنے والے عازمین اپنے کوائف کی تصدیق وزارت کی ویب سائٹ www.mora.gov.pk یا “پاک حج 2026” موبائل ایپ پر کر سکتے ہیں وزارت نے عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ وقت کا ضیاع نہ کریں اور مقررہ تاریخ سے قبل اپنی بکنگ مکمل کر لیں تاکہ حج 2026 کی تیاریوں میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔