اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان نے اپنی بحری تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے، جہاں اب تک کا سب سے بڑا کنٹینر بردار جہاز ایم ایس سی مِشیل (MSC Michel) کامیابی کے ساتھ ساوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل (SAPT) پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔ اس جدید جہاز کی آمد کو پاکستان کی بندرگاہی صلاحیت اور شپنگ انفراسٹرکچر کے لیے ایک قابلِ فخر اور تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے جہاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ “یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع ہے”۔ اُنہوں نے کہا کہ اتنے بڑے جہاز کی کامیاب برتھنگ عالمی شپنگ لائنز کے پاکستان کی بندرگاہی صلاحیت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے ایم ایس سی مِشیل کی لمبائی 400 میٹر ہے اور یہ 24,000 ٹی ای یو (TEU) تک سامان لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ دنیا کے جدید ترین کنٹینر بردار جہازوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی کامیاب ہینڈلنگ SAPT کی عالمی معیار کی سہولیات اور پیشہ ورانہ تیاری کا ثبوت ہے۔
وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں ایک ابھرتی ہوئی بحری منزل کے طور پر سامنے آ رہا ہے اور عالمی شپنگ نقشے پر اپنی جگہ مستحکم کر رہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ “میرین سیکٹر جلد پاکستان کی معیشت کی مضبوط بنیاد بنے گا” اتنے بڑے جہاز کی کامیاب برتھنگ سے نہ صرف پاکستان کی بندرگاہوں پر سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ عالمی تجارت کو راغب کرنے اور شپنگ و لاجسٹکس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے بھی کھولے گا۔