وزیراعظم کی ہدایت پر فلسطین کیلئے مزید 100 ٹن امدادی سامان روانہ، این ڈی ایم اے کی 24ویں امدادی کھیپ

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے مزید 100 ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا۔ یہ امدادی کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کی گئی یہ مجموعی طور پر فلسطین کے لیے 24ویں امدادی کھیپ ہے، جس کے ساتھ اب تک پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی کل امداد کا وزن 2327 ٹن ہو چکا ہے۔

امدادی سامان کی تفصیلات روانہ کیے گئے امدادی سامان میں شامل ہیں:
راشن بیگز
آٹا
چاول
کوکنگ آئل
چنے
تیار کھانا
ڈبہ بند فروٹ

یہ تمام اشیاء فلسطینی عوام کی بنیادی غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھیجی گئی ہیں تاکہ موجودہ انسانی بحران میں انہیں فوری سہولت فراہم کی جا سکے خصوصی تقریب میں این ڈی ایم اے، وزارتِ خارجہ کے افسران، الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان اور دیگر حکومتی عہدیداران شریک ہوئے۔ اس موقع پر انسانی ہمدردی اور عالمی یکجہتی کے جذبے کو سراہا گیا۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان نے اس موقع پر کہا کہ:”حکومتِ پاکستان اور عوام اس مشکل وقت میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔ پاکستان کی جانب سے فلسطین کو مسلسل امداد کی فراہمی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک نہ صرف سفارتی طور پر بلکہ عملی طور پر بھی فلسطینی عوام کی حمایت کر رہا ہے۔