راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں گیس پریشر میں کمی، آر ایل این جی کنکشنز دینے کے لیے مبینہ منصوبہ بندی کا انکشاف

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں گیس کا پریشر کم ہونا شروع ہوگیا ،دوسری جانب محکمہ سوئی گیس کا جڑواں شہروں میں آر ایل این جی گیس کمپنیوں کو نوازنے کے لئے گھریلو صارفین کے خلاف سوئی گیس پریشر کم کرکے تمام کو نئے کنکشن پر لانے کا فیصلہ کر لیا اس حوالے سے آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ سوئی گیس کی مبینہ ملی بھگت سے آر ایل این جی کے نئے کنکشن دینے کے لئے راولپنڈی اسلام آباد میں گیس پریشر کم کرنے سے متعلق شکایات آرہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے اس حوالے سے پرائیویٹ ملازم رکھے ہوئے ہیں جو کہ راولپنڈی اسلام آباد میں مختلف جگہوں پر جا کر مین والووں پر جا کر گیس کا پریشر کم کردیتے ہیں جس کی شکایات جنرل مینجر سوئی ناردرن گیس راولپنڈی اسلام آباد کو دی جاتی ہیں.

لیکن اس کے باوجود بھی گیس پریشروالے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے۔ مختلف اوقات میں سوئی گیس کا پریشر کم کردیا جاتا ہے۔اس حوالے سے شہریوں کی جانب سے بتایا گیا کہ سوئی ناردرن گیس راولپنڈی اسلام آباد کے جنرل مینجرز کی مبینہ ملی بھگت ہے گیس پریشر کم کردیا جاتا ہے تاکہ آر ایل این جی گیس کے نئے کنکشن لگائے جاسکیں۔ ملک بھر میں عوام کی جانب سے شکایات موصول ہورہی ہیں کہ سوئی گیس کا پریشر کم ہونے یا گیس غائب ہونے کے باعث شہری اور سکول جانے والے بچوں کو بغیر ناشتہ کئے جبکہ دفاتر میں جانے والوں کو گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے بغیر ناشتہ کئے دفاتر سکول جانا پڑتا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد کے وی آئی پی علاقوں میں سوئی گیس کا پریشر کم نہیں ہوتا عوامی علاقوں جن میں راولپنڈی کے گنجان آباد علاقے بنی، اصغر مال، موہن پورہ، ارجن نگر، کشمیری بازار، ریلوے سکیم تھری و دیگر علاقوں کے علاوہ اسلام آباد اور ملک بھر میں محکمہ سوئی گیس کی ملی بھگت سے گیس پریشر کم کردیا جاتا ہے۔

شہریوں نے انکشاف کیا کہ ہمیں آج پتہ چلا ہے کہ گیس پریشر محکمہ سوئی گیس جان بوجھ کم کرتے ہیں تاکہ ملک بھر میں آر ایل این جی کے نئے کنکشن پر عوام آجائے تاکہ آر ایل این جی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔ اس حوالے سے جی ایم اسلام آباد عدنان سے رابطہ کیا گیا ان کا کہنا تھا میرے علم میں نہیں ہے میں پتہ کرکے بتاتا ہوں جبکہ راولپنڈی کے جی ایم سے رابطہ کیا گیا انہوں نے فون اٹینڈر نہ کیا۔