اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان اور روانڈا کے درمیان سمندری تجارت کے فروغ کے لیے اہم مشاورتی ملاقات ہوئی جس میں کراچی بندرگاہ کو مشرقی افریقی بندرگاہوں سے جوڑنے اور نئی شپنگ لائن کے قیام پر غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری سے روانڈا کی سفیر حراریمانا فاتو نے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان جیبوتی اور ممباسا جیسے مشرقی افریقی بندرگاہی شہروں تک براہِ راست سمندری راہداری قائم کرنا چاہتا ہے تاکہ دونوں خطوں کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس نئی شپنگ لائن سے وقت اور لاگت میں نمایاں کمی آئے گی، جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی۔
جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر گوادر بندرگاہ کو افریقی تجارت کا برآمدی مرکز بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندری راہداریوں سے نہ صرف پاکستان اور روانڈا بلکہ پورے خطے کی علاقائی تجارت کو نئی رفتار ملے گی۔
روانڈا کی سفیر حراریمانا فاتو نے کہا کہ روانڈا مشرقی افریقی بندرگاہوں کے ذریعے پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دے سکتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس فورمز کے قیام سے معاشی تعلقات میں مزید وسعت آ سکتی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سمندری تعاون کو بڑھا کر نہ صرف تجارتی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں بلکہ علاقائی سطح پر معاشی ترقی کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔