اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان اور مصر نے بحری اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے، مشترکہ منصوبوں کے قیام اور بلو اکانومی (سمندری معیشت) کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ مفاہمت بدھ کے روز وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز محمد جنید انور چوہدری اور پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید حسن کے درمیان ملاقات میں طے پائی ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اقتصادی و بحری تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور بندرگاہوں کی ترقی، شپنگ، لاجسٹکس اور صنعتی منصوبوں میں تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔
بات چیت میں اس بات پر زور دیا گیا کہ “بلو اکانومی” خطے میں پائیدار ترقی اور تجارتی روابط کے لیے ایک اہم محرک بن سکتی ہے وفاقی وزیر جنید انور چوہدری نے کہا کہ پاکستان علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے سڑکوں، ریلوے اور سمندری راستوں کے ایک مؤثر نیٹ ورک پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا، “ہم وسطی ایشیائی ریاستوں اور مشرقی افریقی ممالک سے مضبوط رابطے قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور مصر کے ساتھ میری ٹائم کنیکٹیویٹی کو بھی مزید فروغ دے سکتے ہیں۔”
وزیرِ بحری امور نے پاکستان کی اقتصادی سفارت کاری کے اہداف کا ذکر کرتے ہوئے تجویز دی کہ افریقہ، وسطی ایشیا اور مصر میں “پاکستان ہاؤسز” قائم کیے جائیں تاکہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کی جانب سے اسی نوعیت کے مراکز کا بھی خیرمقدم کرے گا تاکہ باہمی اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جا سکے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید حسن نے پاکستان کی ان کوششوں کو سراہا اور کہا کہ مصر سمندری انتظام کاری میں، خاص طور پر سویز کینال کی فری زونز کے ماڈل میں، اپنا تجربہ پاکستان کے ساتھ شیئر کر سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں ایسے فریم ورک اور مشترکہ منصوبوں کے قیام میں تعاون کی پیشکش بھی کی انہوں نے پاکستانی برآمدات جن میں مصالحہ جات، دواسازی، چمڑے کی مصنوعات، لکڑی کی دستکاریاں اور چاول شامل ہیں — کے معیار اور مسابقت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت مختلف شعبوں میں مزید فروغ پائے گی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ بحری اور صنعتی ترقی میں قریبی تعاون سے نہ صرف باہمی اقتصادی تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ ایشیا، افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان علاقائی انضمام کو بھی فروغ ملے گا۔