ملتان ریلوے ڈویژن کی کارکردگی پر بریفنگ، پنکچوئیلٹی میں بہتری، ریونیو میں 77 ملین روپے اضافہ، بغیر ٹکٹ سفر پر 13.5 ملین جرمانے، 87.5 ایکڑ اراضی واگزار، 14 اسٹیشنز سولر پر منتقل

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت ملتان ریلوے ڈویژن کی مجموعی کارکردگی پر ایک اہم بریفنگ دی گئی، جس میں موجودہ مالی سال کے دوران کارکردگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ڈی ایس ریلوے ملتان کے مطابق اس مالی سال کے دوران ٹرینوں کی پنکچوئیلٹی 88 فیصد رہی جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 86 فیصد تھی۔ اگرچہ حالیہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے کچھ آپریشنز متاثر ہوئے، مگر مجموعی طور پر ریلوے کی کارکردگی بہتر رہی رواں مالی سال کے پہلے کوارٹر میں ملتان ڈویژن نے گزشتہ سال کی نسبت 77 ملین روپے زائد ریونیو حاصل کیا۔ اس کے علاوہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف جاری مہم سے 13.5 ملین روپے کی آمدنی ہوئی۔

چوری اور اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات بھی جاری ہیں، اور وزیرِ ریلوے نے اس ضمن میں “زیرو ٹالرنس پالیسی” پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ اینٹی اِنکروچمنٹ مہم کے تحت 87.5 ایکڑ ریلوے اراضی واگزار کرائی گئی، اور مہم کو مزید زور و شور سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے واضح طور پر کہا:“کسی اور کی ایک انچ زمین لینی نہیں، ریلوے کی ایک انچ زمین کسی کو چھوڑنی نہیں”۔ریلوے کی سولرائزیشن مہم کے تحت 14 ریلوے اسٹیشنز مکمل طور پر سولر توانائی پر منتقل کر دیے گئے ہیں جبکہ ڈی ایس آفس ملتان بھی اب مکمل طور پر سولر سسٹم پر چل رہا ہے۔ اس اقدام سے بجلی کے شعبے میں 30 ملین روپے کی بچت کی گئی ہے سٹاف ریشنلائزیشن کے عمل کے تحت وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کو ماہانہ پنشن کی بروقت ادائیگی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے، کسی بھی کیس میں تاخیر کی شکایت نہیں ہے۔

ڈی ایس ملتان نے بتایا کہ مسافروں کے مسائل سننے کے لیے باقاعدگی سے ماہانہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔وزیر ریلوے نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اسٹیشنوں کا باقاعدہ معائنہ کریں، انسپیکشن یقینی بنائیں، اور مسافروں سے براہ راست رابطہ رکھیں۔ کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

محمد حنیف عباسی نے واضح کیا کہ پاکستان ریلوے کا عزم ہے کہ تمام مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جائیں اور ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔