وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں پاک-امریکہ تعلقات، علاقائی امن اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ نے غزہ امن معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کا کریڈٹ صدر ٹرمپ کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لئے بھاری قیمت ادا کی ہے اور فرنٹ لائن ریاست کے طور پر بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کی قربانیوں کی قدر کرتا ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔