ڈاکٹر مصدق ملک کی سیمسن گروپ کی بین الاقوامی مشاورتی بورڈ سے ملاقات: ماحولیاتی سرمایہ کاری اور شجرکاری کے اہداف پر گفتگو

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے آج سیمسن گروپ آف کمپنیز کی بین الاقوامی مشاورتی بورڈ سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت لارڈ عامر سرفراز آف کینسنگٹن، رکن ہاؤس آف لارڈز (برطانیہ) اور جنرل پیٹرک سینڈر، سابق سربراہ برطانوی فوج نے کی ملاقات میں پاکستان میں خصوصاً شمالی علاقہ جات میں ماحولیاتی سیاحت (ایکو ٹورزم) کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گفتگو کا محور ایسے پائیدار ترقیاتی ماڈلز کی تشکیل رہا جو معاشی ترقی اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے درمیان توازن پیدا کریں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں جو قدرتی مناظر، جنگلات اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں اجلاس میں سیمسن گروپ کی جانب سے ملک بھر میں اپنے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (CSR) کے تحت 10 کروڑ درخت لگانے کے عزم پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے اس بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کی شمولیت حکومت کے ماحولیاتی اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کی شراکتیں پاکستان کے سبز ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور قومی سطح پر جنگلات کی بحالی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتی ہیں.