ایف آئی اے اور گلگت بلتستان پولیس کے درمیان منی لانڈرنگ کے خلاف تعاون کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کے خلاف اپنی مربوط کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے گلگت بلتستان پولیس کے ساتھ تعاون بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے کے اینٹی منی لانڈرنگ وِنگ اور گلگت بلتستان پولیس کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے ایم او یو پر ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اینٹی منی لانڈرنگ وِنگ، جناب اکبر ناصر خان، اور انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان، جناب افضل محمود بٹ نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت گلگت بلتستان پولیس منی لانڈرنگ سے متعلق تمام ریفرنسز براہ راست ایف آئی اے کے اینٹی منی لانڈرنگ وِنگ کو بھیجے گی۔ اس کے علاوہ کار لفٹنگ، اغوا، مالی فراڈ اور دیگر سنگین جرائم جو منی لانڈرنگ سے منسلک ہوں، ان کی تحقیقات بھی ایف آئی اے کی خصوصی مہارت سے انجام دی جائیں گی یہ تعاون بروقت، شفاف اور پیشہ ورانہ تحقیقات کو یقینی بنانے میں مدد دے گا اور غیر قانونی مالی ذرائع کی بیخ کنی کے لیے قومی کوششوں کو تقویت فراہم کرے گا۔

ایف آئی اے گلگت بلتستان پولیس کے افسران کو مالی جرائم کی تفتیش، کیس مینجمنٹ، ریفرل سسٹمز اور تجزیاتی تکنیکوں پر خصوصی تربیت بھی فراہم کرے گی، جس سے ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا یہ اقدام ایف اے ٹی ایف کی سفارشات اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مالی شفافیت اور انسداد منی لانڈرنگ کے مقاصد کے حصول کے لیے ایف آئی اے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔