خیبر پختونخوا پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری وسائل کی فراہمی ترجیح ہے .وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری وسائل کی فراہمی ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کووزارت داخلہ میں بلٹ پروف گاڑیاں خیبر پختونخوا پولیس کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پروزیر داخلہ محسن نقوی نے گاڑیوں کی چابیاں آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کے حوالے کیں۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی جی خیبر پختونخوا پولیس کے ہمراہ گاڑیوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے،کے پی کے پولیس کے افسروں وجوانوں کی بہادری پر ناز ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری وسائل کی فراہمی ترجیح ہے۔