اسلامی ممالک کا اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اسلامی ممالک کی تنظیم رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد، باہمی تعاون اور مذہبی ہم آہنگی موجودہ عالمی حالات میں سب سے زیادہ اہم ضرورت بن چکی ہے۔ پاکستان عالمِ اسلام کا ایک مضبوط اور ذمہ دار ملک ہے جس نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر اور چیئرمین سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے وزارت دفاع سینیٹر محمد طلحہ محمود کی طرف سے دئیے گئے عشائیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں اراکین پارلیمنٹ،مختلف ممالک کے ڈپلومیٹس اعلی سرکاری افسران ،ممتاز کاروباری و سماجی شخصیات اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی دنیا بھر میں اسلام کے پیغامِ امن، رواداری اور اعتدال پسندی کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسلام انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی اجازت نہیں دیتا بلکہ انسانیت، عدل اور اخوت کا درس دیتا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی حکومت کی مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب مکالمے اور امن کے فروغ کے لیے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ امتِ مسلمہ کو متحد ہو کر عالمی سطح پر ایک مضبوط آواز بننے کی ضرورت ہے تاکہ اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا جذبۂ ایمانی، قربانی اور یکجہتی پوری امت کے لیے ایک مثال ہے۔انہوں نے اس موقع پر اسلامی ممالک کے درمیان تعلیمی، ثقافتی اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ نوجوان نسل کو انتہا پسندی کے بجائے مثبت سوچ، تحقیق اور ترقی کی طرف راغب کیا جا سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ عالم اسلام کی عظیم شخصیت ہمارے درمیان موجود ہے انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انشاءاللہ اگلے دورہ پاکستان کے موقع پر سیکرٹری جنرل کو پاکستان کی طرف سے تمغہ امتیاز دیا جائے گا جو عوام کی طرف سے ان کے محبت کا اظہار ہوگا انہوں نے کہا کہ پاکستان رابطہ عالم اسلامی کے مشن امن رواداری اور اتحاد امت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پر سطح پر اس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہمیشہ عالم اسلام کی مضبوطی کے لئے سعودی عرب کے کردار کو سراہا ہے اور آج بھی ہماری حکومت،عوام اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص سعودی عرب کے لئےعقیدت و احترام رکھتا ہے انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کو شکریہ ادا کیا