اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ سپیشلائزڈ ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں 200 ٹرینرز کو آن لائن مصنوعی ذہانت، ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ڈیٹا اینالٹکس جیسے جدید شعبوں میں تربیت دی جائے گی وہ پیر کو قومی کمیشن برائے پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت (نیوٹیک)کے ہیڈ کوارٹر میں وزیرِاعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت ’’سپیشلائزڈ ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ آف ٹرینرز ‘‘ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے رانا مشہود احمد خان نے خطاب میں کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے کی طرف بڑا قدم ہے انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نیوٹیک، یونی سروسز انٹرنیشنل اور آئی ٹی ایم سی چائنا کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جو پاکستان میں ڈیجیٹل سکلز کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں 200 ٹرینرز کو آن لائن تربیت دی جائے گی جنہیں مصنوعی ذہانت، ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ڈیٹا اینالٹکس جیسے جدید شعبوں میں سکھایا جائے گا، تربیت مکمل کرنے والوں کو پاکستان اور چین کے معروف اداروں کی مشترکہ اسناد دی جائیں گی۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ’’پریکٹس آف سکلز‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں اور فری لانسرز کو مفت ڈیجیٹل لرننگ اکاؤنٹس بھی فراہم کیے جائیں گے جس سے ملک میں ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ ملے گا انہوں نے نیوای ٹی سی سی اور چینی اداروں کی شراکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل تعاون اور انسانی وسائل کی ترقی کو مزید مضبوط کرے گا۔ پروگرام پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پاکستان کے ٹیوٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرے گا۔ تقریب میں یوتھ پروگرام، نیوٹیک ، ٹیوٹ قومی و بین الاقوامی شراکت داروں اور وزارت تعلیم و تربیت کے اعلیٰ ٰحکام نے بھی شرکت کی.