بچوں کے حقوق سے متعلق پارلیمانی کاکس کا پی پی اے ایف کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )بچوں کے حقوق سے متعلق پارلیمانی کاکس (پی سی سی آر) نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کیا جس کا مقصد ملک بھر میں بچوں کی زندگیوں کو بہتر بنانا اورمشترکہ تعاون کی راہیں تلاش کرنا ہے۔اجلاس کا آغاز پی سی سی آر کی کنوینئر ڈاکٹر نکہت شکیل خان کے افتتاحی اور استقبالیہ کلمات سے ہوا ۔اجلاس کے دوران پی پی اے ایف کی ٹیم نے جامع پریزنٹیشن پیش کی جس میں پاکستان کے متاثرہ اضلاع میں بچوں کے لئے تعلیم، صحت اور غذائیت کے حوالے سے ادارے کے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ اجلاس میں غربت کی بنیادی وجوہات پر بات چیت اور باہمی تعاون کی کوششوں کے ذریعے بچوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کو بڑھانے کے لئے سٹریٹجک طریقوں کی تلاش کی۔فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا

جس میں معیاری تعلیم تک رسائی کو بڑھانا، بچوں کی غذائیت کو بہتر بنانا اور کمیونٹی کی لچک کو مضبوط بنانا شامل ہے۔ڈاکٹرنکہت شکیل خان نے ملک بھر میں بچوں کے حقوق کے کاکس کے قیام کے لئے اپنی حالیہ کوششوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی سطح پر بچوں کے تحفظ کے طریقہ کار کو مزید ادارہ جاتی بنانے کے لئے پی پی اے ایف کے اشتراک سے بلوچستان میں بھی اسی طرح کے اقدامات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔اجلاس میں ڈاکٹر نکہت شکیل خان، زیب جعفر، فرح ناز اکبر، زہرہ ودود فاطمی، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو سمیت قومی اسمبلی کے ارکان سمیت سید حاذق بخاری، عفت پرویز اور سید ارسلان کاظمی،پی پی اے ایف کے وفد میں ارشد رشید (چیف پروگرامز)، زاہد حسین (ہیڈ آف مانیٹرنگ، ایویلیوایشن اینڈ لرننگ) اور رابیہ بابر (منیجر میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز) نے شرکت کی۔