ایف جی ای ہاؤسنگ اتھارٹی اور زیڈ کے بی ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخظ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ایف جی ای ہاؤسنگ اتھارٹی اور زیڈ کے بی ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخظ ، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) نےآج مورخہ 21 اکتوبر، 2025 کوایک اہم اجلاس میں M/s ZKB ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یاد داشت (MoU) پر دستخط کیے۔یہ تقریب ایف جی ای ایچ اے کے ہیڈکوارٹر، سیکٹر G-10/4 اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ یہ منصوبہ FGEHA (JV & PPP) Rules 2025 کے تحت اینڈ پروڈکٹ کی بنیاد پر ایک بڑے رہائشی ہاؤسنگ پراجیکٹ کی ڈیویلپمنٹ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد وفاقی سرکاری ملازمین کو معیاری اور سستے رہائشی پلاٹس فراہم کرنا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں یہ منصوبہ 6,000 کنال سے زائد اراضی پر مشتمل ہوگا، جو اسلام آباد ایئرپورٹ اور موٹروے M-14 کے قریب واقع ہے۔ اس ہاؤسنگ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے میں تقریباً 10,000 رجسٹرڈ ممبران کو رہائش فراہم کی جائے گی۔

تقریب میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے افسران، زیڈ کے بی ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ کے نمائندگان، میڈیا پرسنز اور مختلف سرکاری اداروں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی (FGEHA)کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے کہا کہ یہ منصوبہ سرکاری ملازمین کے لیے سستی اور معیاری رہائش کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی ایک بڑی پیش رفت ہے۔ یہ معاہدہ وفاقی حکومت کے رہائشی منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل پر آگے بڑھانے کے عزم کی ایک روشن مثال ہے اس کے علاوہ منسٹری آف ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے نئے تعینات شدہ سیکریٹری کیپٹن (ر) محمد محمودکو اتھارٹی کے جاری اور مکمل شدہ منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی (FGEHA)کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے اجلاس کے دوران بتایا کہ اتھارٹی نے وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اسلام آباد اور کراچی میں مختلف رہائشی منصوبے کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ کئی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اجلاس میں سیکریٹری ہاؤ سنگ کو لا ئف اسٹائل ریذیڈنسی اپارٹمنٹس، جی-13، جی-14، اور اسکائی لائن ہاؤسنگ پروجیکٹس سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اتھارٹی نے جدید تعمیراتی معیار، شفاف الاٹمنٹ سسٹم اور عوامی سہولت کے لیے آن لائن خدمات کی فراہمی میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

سیکریٹری ہاؤ سنگ اینڈ ورکس نے FGEHA کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی ترجیح ہے کہ سرکاری ملازمین کو محفوظ، معیاری اور سستی رہائش فراہم کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے۔ ڈی جی FGEHA نے یقین دہانی کرائی کہ اتھارٹی اپنے تمام جاری منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرے گی اور رہائشی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنائے گی اجلاس کے اختتام پرصحافیوں اور میڈیا ورکرز کی نمائندہ تنظیم ایپنک (APNEC) کے نو منتخب چیئرمین محمد صدیق انظر نے نئے ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی کو شیلڈپیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔