اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے پہلی یوتھ اینڈ ایڈولسنس پالیسی وضع کی جا رہی ہے، گزشتہ چار ماہ کے مختصر عرصہ کے دوران 7 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹریشن کرائی ہے، پہلی ای سپورٹس پالیسی اور ای سپورٹس فیڈریشن تشکیل دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل یوتھ اینڈ ایڈولسنس پالیسی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ یونیسف چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ٹیموں کا شکر گزار ہے، تمام صوبوں کے نمائندے اور نوجوان اپنی قوم اور ملک کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں، نوجوانوں نے وزیراعظم یوتھ اینڈ ایڈولسنس پالیسی کی تشکیل میں بھرپور حصہ لیا، ان کا عزم اور حوصلہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے 2011ء میں صوبہ پنجاب میں پہلی یوتھ پالیسی متعارف کرائی تھی ، چیئرمین یوتھ پروگرام نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت پر مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، گزشتہ چار ماہ کے مختصر عرصہ کے دوران 7 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹریشن کرائی ہے، وفاقی حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے پالیسی سازی میں صوبوں کو شامل کرکے مثالی کام کیا ہے، نوجوانوں کے لئے مصنوعی ذہانت کی پالیسی وضع کی جا رہی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے لئے سیمی کنڈکٹر پالیسی کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر شعبے میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 3 لاکھ نوجوانوں نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی پاکستان ای سپورٹس پالیسی پر کام کر رہے ہیں جس سے 6 کروڑ پاکستانی براہ راست منسلک ہیں، پہلی ای پاکستان سپورٹس فیڈریشن بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن اور ہدایات کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کر رہا ہے اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے بلاتفریق مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔